الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب ملتوی کیوں کیے؟ اہم وجہ سامنے آگئی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 10 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں می ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے۔ ای سی پی کا کہنا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور سیکیورٹی فورسز کی عدم دستیابی کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز سیلاب سے نمٹنے اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں، پولنگ کے دن سیکیورٹی فورسز کی مطلوبہ تعداد دستیاب نہیں ہوگی، پرامن ماحول میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
ای سی پی کے مطابق 11 ستمبر کو این اے 157 ملتان، پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 139 شیخوپورہ اور پی پی 241 بہاولنگر میں ضمنی انتخابات ہونا تھے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 25 ستمبر کو این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد اور این اے 118 ننکانہ صاحب میں ضمنی انتخابات ہونا تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق 25 ستمبر کو کراچی کے تین حلقوں این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی اور این اے 246 کراچی ساؤتھ میں ہونیوالے ضمنی انتخابات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں جبکہ پی پی 209 خانیوال کا ضمنی انتخاب 2 اکتوبر کو ہونا تھا جو اب نہیں ہوگا۔