چیف سیکرٹری کے ساتھ کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ چیف سیکریٹری کے ساتھ کسی قسم کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد خورشید نے کہا کہ کابینہ اجلاس چیف سیکرٹری کی اسلام آباد میں مصروفیات اور گزارش پر ملتوی کیا۔  ہمارے احکامات پر عملدرآمد ہوگا فنانس سیکرٹری ہر صورت OSD ہوگا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ کوئی بھی سیکریٹری اتنا طاقت ور نہیں کہ وہ کابینہ کے فیصلوں کے مطابق فنڈز ریلیز نہ کریں اور نہ ہی کوئی سیکریٹری بجٹ کے معاملات پر براہ راست وفاق سے رابطہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقیاتی بجٹ کی مد میں 9 ارب روپے ملتے ہیں ان میں سے آدھا پیسہ بجلی پیدا کرنے میں خرچ ہوتا ہے۔ جو پیسہ بچ جاتا ہے اس سے ایک ضلع کا نظام بھی نہیں چل سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم این ایف سی میں ہوتے تو ہمیں 150 ارب روپے ملتے۔ پاکستان میں کوئی صوبہ اپنے ترقیاتی فنڈز بجلی کی پیداوار پر خرچ نہیں کرتا واحد گلگت بلتستان ہے جو ترقیاتی بجٹ بجلی کی پیداوار پر خرچ کررہا ہے۔