صدر پی ٹی آئی پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت منظور

لاہور ہائی کورٹ نے صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اورسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت 15 مئی تک منظور کر لی۔ پرویز الہٰی انسداد دہشت گردی اور اینٹی کرپشن کے مقدمے میں ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔
پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اینٹی کرپشن کے مقدمے میں پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت ہائی کورٹ سے منظور ہوئی، ان کے خلاف روز کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کوئی اور نیا مقدمہ درج ہوا ہے تو اس کے لیے حفاظتی ضمانت دوبارہ دائر کریں۔
عدالت نے پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت 15 مئی تک منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالت سےرجوع کرنےکی ہدایت کردی۔
لاہور ہائی کورٹ نے انسداد دہشت گردی کے مقدمے میں بھی پرویز الہٰی کی 2 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ پرسوں تک ضمانت کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کرلیں۔