سمندری طوفان بپر جوائے کل کیٹی بندر سے ٹکرائے گا: شیری رحمان

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے کل کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، تمام متعلقہ ادارے حفاظتی انتظامات کیلئے تیار ہیں، ہم احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں۔ اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوے شیری رحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں سمندری طوفان کے اثرات سامنے آئیں گے،طوفانی ہوائیں اور بارشیں ہوسکتی ہیں، بپر جوائے کی اسپیڈ اس وقت 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے حفاظتی انتظامات کیلئے تیار ہیں، ہم احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں، جہاں علاقے خالی کرانے کی ضرورت ہے کرارہے ہیں۔ یہ بھی پڑھیں: طوفان بپرجوائے: کراچی سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر، لوگوں کا انخلا جاری سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے، 15جون کو لوگ محفوظ جگہ پر رہیں غیر ضروری کام نہ کریں۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سمندر طوفان کل صبح کے بعد کسی بھی وقت ٹکرا سکتا ہے، کراچی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، طوفان کی رفتار اس وقت 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔