بڑھتی عمر کے ساتھ انسانی جلد تبدیل ہوتی رہتی ہے، جیسے جیسے بڑھاپا قریب آتا ہے جلد پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ہماری جلد پر جھریاں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔ تاہم بعض اوقات جھریاں قبل از وقت بھی ظاہر ہوسکتی ہیں جس کی بےشمار وجوہات ہوتی ہیں۔ ان محرکات پر چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے قابو پایا جاسکتا ہے۔ مثلاً سورج کی براہِ راست شعاؤں سے محفوظ رہیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ جلد کو خشک ہونے سے بچائیں، لوشن کا استعمال کریں اس کے علاوہ چند درج ذیل اشیا خور و نوش کا استعمال ترک کرکے بھی جُھریوں کے اُبھرنے کے عمل کو سست کیا جاسکتا ہے۔ تلی ہوئی غذا فرنچ فرائز کسے پسند نہیں، لیکن روز مرہ کی بنیاد پر ان کا استعمال مضر ہوسکتا ہے یہ صحت تو خراب کرتا ہی ہے ساتھ اس کے اثرات آپ کی جلد پر بھی نمودار ہونا شروع ہوجاتے ہیں کبھی ایکنی تو کبھی جھریوں کی صورت میں۔ سفید چینی ماہرین صحت کے مطابق سفید چینی کے بہت سے منفی اثرات ہماری صحت پر مرتب ہوتے ہیں جتنا ممکن ہوسکے اس کا استعمال ترک کر کے براؤن شکر کا استعمال کرنا بہتر ہے۔ تلے ہوئے کھانوں کی طرح، سفید شکر بھی کولیجن پیدا کرنے والے AGE کی تشکیل کو فروغ دیتا ہے۔ مکھن یا مارجرین بلاشبہ مکھن بڑھتے بچوں کی بہتر صحت کے لیے تو ضروری ہوسکتا ہے لیکن اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال آپ کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ جو لوگ مکھن یا مارجرین کا استعمال نہیں کرتے ان کی جلد پر جھریاں دیر سے نمایاں ہوتی ہیں۔ اس میں موجود فیٹی ایسڈ جلد کو الٹرا وائلٹ شعاعوں کے لیے زیادہ خطرناک بناتے ہیں جس سے جلد کے کولیجن اور لچک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ مکھن یا ماجرین کی بجائے زیتون کا تیل یا ایواکاڈو کا استعمال ایک بہتر متبادل ہے۔ دودھ دہی ماہرین صحت تاحال اس کشمکش میں مبتلا ہیں کہ دودھ دہی سے تیار کردہ اشیاء (Dairy) انسانی صحت کے لیے کس حد تک مفید ہیں۔ جہاں دودھ دہی ہڈیوں کے لیے بہترین غذا ہے وہیں یہ جلد کے مہاسوں یا ہاضمے کے مسائل کا باعث بھی بنتے ہے۔ تاہم، ڈیری جسم میں سوزش کو بڑھا سکتی ہے، جو آکسیڈیٹیو تناؤ (oxidative stress) کا باعث بنتی ہے۔ آکسیڈیٹیو تناؤ قبل از وقت عمر بڑھنے کی ایک اہم وجہ ہے۔ پراسیس گوشت فاسٹ فوڈ کے لیے پراسیس کیے جانے والا گوشت منہ کا ذائقہ تو اچھا کر دیتا ہے مگر وہ جِلد کے لیے فائدہ مند نہیں ہوتا۔ پراسیس گوشت میں نمک کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے چہرہ پھول جاتا ہے جبکہ اس میں موجود نائٹریٹ سے ورم متحرک ہوتا ہے۔ اس گوشت سے جِلد کی نمی میں کمی آتی ہے اور کولیگن ہارمون کو نقصان پہنچتا ہے جس سے جھریاں ابھرنے لگتی ہیں۔ میٹھے مشروبات آپ میٹھے مشروبات جیسے سوڈا کا استعمال جتنا زیادہ کریں گے، ٹشوز میں موجود خلیات کی عمر میں اتنی تیزی سے اضافہ ہوگا۔ ان مشروبات میں چینی اور کیلوریز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔ اسی طرح ان مشروبات میں موجود چینی منہ میں موجود بیکٹریا سے ملکر ایسڈ کی شکل اختیار کرتی ہے جس سے دانتوں کو نقصان پہنچتا ہے۔






