وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا انتخاب، سپریم اپیلٹ کورٹ نے حکم امتناع جاری کر دیا

گلگت بلتستان کے نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے بلائے گئے اجلاس پر سپریم اپیلٹ کورٹ نے حکم امتناع جاری کر دیا جس کے بعد آج ہونے والا گلگت بلتستان کے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب روک دیا گیا۔ گلگت بلتستان کی سپریم اپیلٹ کورٹ نے وزیراعلیٰ جی بی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔ گزشتہ روز جعلی ڈگری کیس میں پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ خالد خورشید کے نا اہل ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہونا تھا۔ نئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راجا اعظم اور پیپلز پارٹی کے امجد ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا ویڈیو پیغام بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ جی بی کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے التوا کی کوششیں مذموم ہیں۔ اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین کی اکثریت ہے۔ کبھی بم کی اطلاع پر اسمبلی میں مداخلت کی جا رہی ہے تو کبھی کچھ اور کیا جا رہا ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کے موقع پر گلگت بلتستان اسمبلی کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی اور اسمبلی سے صحافیوں کو بھی باہر نکال دیا گیا تھا۔