ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں رعنا انصار کا نام بطور اپوزیشن لیڈر فائنل کرلیا

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے رعنا انصار کا نام فائنل کر لیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اسمبلی اجلاس سے کئی روز سے غیر حاضر ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی جلد ہی اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے اسمبلی سیکریٹریٹ میں درخواست جمع کروائیں گے۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدرات میں بہادرآباد مرکز پر رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے نام پر حتمی مشتاورت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کی پارلیمانی لیڈر رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کردیا گیا جبکہ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر علی خورشیدی کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کا پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا گیا۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے اپوزیشن لیڈر کے نام کو کثرت رائے سے منظور کرلیا، راعنا انصار ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر نامزد ہوئی ہیں۔ سندھ اسمبلی سے پی ٹی آئی کے ارکان کی غیرموجودگی میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ خالی ہے، جس پر ایم کیو ایم نے رعناانصار کو اپوزیشن لیڈر سندھ نامزد کر دیا ہے۔ رعنا انصار خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی ہیں۔