وفاقی کابینہ کا اجلاس، پیپلز پارٹی نے نگران وزیراعظم کے اختیارات میں اضافے کی مخالفت کردی

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے اختیارات میں اضافے کی مخالفت کردی، دوسری جانب اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے بھی نگران وزیراعظم کے اختیارات میں اضافے کی کردی ہے۔ ذرایع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 13 میں سے 12 ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دے دی گئی۔ ذرایع کا بتانا ہے کہ  وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پرسنل پروٹیکشن بل، ای سی ایل میں شخصیات کا نام ڈالنے اور نکالنے اور احتساب عدالتوں کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔اجلاس میں ای تحفظ بل 2023، ایس این جی پی ایل کے بورڈ آف ڈائیریکٹرز کی تشکیل اور اسلام آباد نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ ایکٹ بھی منظور کرلیا گیا۔ کابینہ نے ای سی سی کے 24 جولائی ، کمیٹی برائے نجکاری کے 10 جولائی اور کابینہ کمیٹی قانون سازی،انٹرگورنمنٹل کمرشل ٹرانزکشنز کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حکومت ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ’ ہول آف دا گورنمنٹ ‘ پالیسی پر عمل کررہی ہے۔ اس پالیسی کا مقصد ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے عملی جامع پہنانا ہے۔ وزیراعظم نے آذر بائیجان کے ساتھ ایل این جی معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کامیاب کوششوں پر وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی تعریف کی۔