گلگت بلتستان: بابوسر پاس کے قریب سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بابوسر پاس کے قریب سیاحوں کو لے جانے والی ایک وین کھائی میں گرنے سے ایک بچے سمیت8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔ چلاس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی،16 سیاحوں کو لے کر ساہیوال سے گلگت جا رہی تھی کہ گیٹی داس کے مقام پر گہری کھائی میں… چلاس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) وزیر لیاقت نے بتایا کہ حادثے سے گاڑی میں سوار 8 سیاح جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے جبکہ زخمیوں کو چلاس ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں سے ایک کی لاش چلاس پہنچا دی گئی ہے باقی 7 لاشیں گرمی سے خراب ہونے کے خدشے پر ناران بھجوا دی ہیں جہاں کا درجہ حرارت معتدل ہے۔ ڈی ایس پی وزیر لیاقت کا کہنا ہے حادثہ میں ہلاک و زخمی آگ لگنے کی وجہ سے نہیں بلکہ سخت چوٹیں لگنے سے ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص محفوظ رہا۔ وزیر لیاقت کے مطابق زخمیوں میں 4 خواتین ،4 بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ ڈی آ ئی جی دیامر ڈویژن طفیل میر کے مطابق حادثہ تین بجے چلاس سے دو کلومیٹر ناران کی طرف پیش آیا۔ دیامر میں ریسکیو 1122 کے اسٹیشن کوآرڈینیٹر شوکت ریاض کا کہنا ہے کہ بابوسر ٹاپ پر ایک پک اپ جس میں 16 سیاح سوار تھے اور مہران موٹر کار آپس میں ٹکرا گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کے تصادم کے بعد دونوں گاڑیاں کھائی میں جا گری اور ایک کار میں آگ لگ گئی جس میں چار مسافر سوار تھے۔ ریسکیو 1122 کے کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 8 جاں بحق اور 5 زخمیوں کو دیہی مرکز صحت چلاس دیامر میں لایا گیا اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاشیں ہسپتال لے جا رہی ہیں اور مزید زخمیوں کی بھی توقع ہے۔ شوکت ریاض کا کہنا تھا کہ دونوں گاڑیوں میں سوار مسافر سیاح تھے تاہم ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ خیال رہے کہ رواں ماہ گلگت بلتستان میں تھالیچی کے قریب شاہراہ قراقرم پر سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے تھے۔