باجوڑ: جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمیعت علمائے اسلام کے ورکرز کنویشن میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر دھماکے کے بعد جگہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں دھماکا ہوا ہے، دھماکا جمعیت علما اسلام کے ورکرز کنونشن میں ہوا۔ کنونشن میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ کے صدر مقام خار کے علاقے نادرہ آفس کے سامنے دھماکے کے باعث 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تمام سٹاف ہسپتال میں موجود ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق تمام شدید زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں پر چند زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری طرف سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر دھماکے کے بعد جگہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔