صبح سویرے کافی پینا خواتین کی صحت پر کیا اثر ڈالتا ہے؟

کافی صرف ایک مشروب نہیں، بلکہ صحت کا خزانہ ہے، یہ دن کے آغاز کا پسندیدہ حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی اہم طبی فوائد بھی رکھتی ہے۔ اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور یہ مشروب خلیوں کو نقصان سے بچاتا ہے، دماغی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے، اور موڈ کو خوشگوار رکھتا ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کی محقق ڈاکٹر سارہ مہدوی کی سربراہی میں کی گئی ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ خواتین جو درمیانی عمر میں کیفین والی کافی پیتی ہیں۔ ان میں بڑھاپے میں جسمانی طاقت، ذہنی وضاحت اور بہتر صحت برقرار رکھنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ یہ تحقیق امریکہ میں ہونے والی ”نیوٹریشن 2025“ کانفرنس میں پیش کی گئی، جس میں 30 سال تک تقریباً 47,500 خواتین کا ڈیٹا استعمال کیا گیا۔ نتائج سے پتہ چلا کہ روزانہ ایک درمیانہ کپ کافی پینے والی خواتین نے بہتر جسمانی اور ذہنی صحت کا مظاہرہ کیا۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ صبح کے وقت کافی پینا سب سے زیادہ فائدہ مند ہے، خاص طور پر اٹھنے کے 30 سے 60 منٹ بعد کافی پینے سے جسم کے قدرتی جاگنے کے نظام کو تقویت ملتی ہے۔ صبح کا یہ کپ صرف نیند دور کرنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ دن بھر کی توانائی، توجہ اور موڈ کا تعین بھی کرتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت