پاکستانی کرکٹر سعید اجمل کی تباہ کن بولنگ، نیا ریکارڈ قائم کر دیا

پاکستان چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں سعید اجمل کی شاندار باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا چیمپئنز کو یکطرفہ مقابلے میں 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ منگل کو انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن پاکستان کی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 12 ویں اوور میں صرف 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 16 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ 47 سالہ سعید اجمل نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔ سعید اجمل ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کی تاریخ میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے باؤلر بن گئے۔ آف سپنر کی 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں اب تک ٹورنامنٹ کی بہترین باؤلنگ فیگرز ہیں۔