انسٹنٹ میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر ’رائٹنگ ہیلپ‘ متعارف کرا دیا ہے، جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے پیغامات لکھنے، جملوں کو درست کرنے اور انہیں مزید مؤثر انداز میں پیش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ یہ فیچر فی الحال محدود ممالک میں دستیاب ہے اور جلد مزید صارفین کے لیے بھی… کمپنی کے مطابق مذکورہ فیچر پرائیویٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جس کے تحت صارف کے پیغامات مکمل طور پر نجی رہیں گے۔ نہ ہی واٹس ایپ اور نہ ہی میٹا ان پیغامات یا اے آئی کی جانب سے دیے گئے مشوروں کو پڑھ سکیں گے۔ واٹس ایپ کی وضاحت کے مطابق صارفین اپنے پیغام کا مسودہ تیار کرتے وقت نئے پینسل آئیکون پر کلک کر کے یہ سہولت استعمال کر سکیں گے۔ رائٹنگ ہیلپ مختلف انداز میں تجاویز فراہم کرے گا، جنہیں صارف اپنی ضرورت کے مطابق منتخب یا تبدیل کر سکے گا۔ مذکورہ فیچر کے تحت صارف میسیج یا تحریر لکھنے کے بعد ایموجی کے آئیکون پر کلک کرے گا۔ تو اسے تیر کا نشان نظر آئے گا، جسے کلک کرنےکے بعد رائٹنگ ہیلپ فیچر آن ہوجائے گا۔ کمپنی نے مزید کہا کہ پرائیویٹ پروسیسنگ کے تکنیکی پہلوؤں کی تفصیل پہلے ہی جاری کی گئی تھی۔ جسے سیکیورٹی ماہرین کے تعاون سے جانچا گیا تھا۔ واٹس ایپ کے مطابق اس حوالے سے آزاد تحقیقاتی ادارے این سی سی گروپ اور ٹریل آف بِٹس نے بھی واٹس ایپ کے اقدامات پر اپنی آڈٹ رپورٹس شائع کی ہیں۔ واٹس ایپ کے مطابق پرائیویٹ پروسیسنگ پر مبنی فیچرز جیسے رائٹنگ ہیلپ اور میسج سمریز اختیاری ہیں اور ڈیفالٹ طور پر بند رہیں گے۔ تاکہ صارفین اپنے تجربے پر مکمل اختیار رکھ سکیں۔ یہ فیچر فی الحال انگریزی زبان میں امریکا اور چند دیگر ممالک کے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ فوری طور پر اسے پاکستان میں متعارف نہیں کرایا گیا۔ کمپنی کے مطابق رواں سال کے اختتام تک اسے مزید زبانوں اور خطوں میں توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔






