گلگت بلتستان ضلع کی دیامر کی وادی داریل میں سیلاب کے باعث 20 گھروں کے ساتھ فصلوں اور درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر داریل وسیم عباس کے مطابق جعمرات کی صبح 6 بجے شدید بارش کے باعث سیلاب آیا، جس سے گماری کا علاقہ لپیٹ میں آگیا اور نتیجے میں بیس گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 5 گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے ۔ اس کے علاوہ فصلوں اور درختوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دیگر نالوں میں بھی سیلاب آنے کی اطلاع ہے ،اس بارے میں معلومات لی جارہی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے سیلاب آنے پر متعدد افراد نے بھاگ کر جانیں بچائیں اور درجنوں لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ سیلاب سے واٹر چینل کا نظام بھی شدید طور پر متاثر ہوا، مویشی خانے اور مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ گلگت بلتستان کے بیشتر مقامات پر گزشتہ رات موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو بارش کے دوران ندی نالوں کے قریب جانے اور وہاں موجود ہوٹلوں میں رہائش اختیار نہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
