پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے نیا لوگو باضابطہ طور پر منظور کرلیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں، جو صدر سید محسن گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، نئے لوگو کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر صدر پی ایف ایف محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ پرانا لوگو پاکستان کی قومی شناخت اور وقار کی مکمل عکاسی نہیں کرتا تھا، جبکہ نیا لوگو پاکستان کی ثقافت، روح اور عالمی تشخص کو اجاگر کرے گا۔ فیڈریشن کے مطابق نیا لوگو نہ صرف پاکستان کی فٹبال کی میراث کا عکاس ہے بلکہ مستقبل کی امنگوں کی علامت بھی ہے۔ اسپانسرز اور شائقین کی توقعات کے مطابق ایک جدید اور نمائندہ ڈیزائن متعارف کرایا گیا ہے۔ پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ نیا لوگو پاکستان میں فٹبال کے احیاء اور عالمی سطح پر امیج مضبوط بنانے کا حصہ ہے۔
