جدہ، سعودی عرب کے قریب سمندر میں سب میرین کیبلز کٹ گئیں، جس کے باعث ایس ایم ڈبلیو فور اور آئی ایم ای ڈبلیو ای سب میرین نظام کی بینڈوڈتھ جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے مطابق جدہ سعودی عرب کے قریب سمندر میں سب میرین کیبلز کٹنے کے… ترجمان پی ٹی سی ایل نے بتایا کہ کیبلز کٹنے کے نتیجے میں پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو مصروف ترین اوقات کے دوران سروس کے معیار میں معمولی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے بین الاقوامی شراکت دار ادارے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ پی ٹی سی ایل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہماری مقامی ٹیمیں متبادل بینڈوڈتھ کا انتظام کر رہی ہیں، تاکہ صارفین پر اس تعطل کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
