سندھ میں بارشوں کا سلسلہ شروع، کراچی میں آج شام سے تیز بارش کی پیشگوئی

سندھ کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ عمرکوٹ، تھرپارکر اور ٹنڈو محمد خان میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 11 ستمبر تک میرپورخاص، سانگھڑ، ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں آج شام سے جمعرات تک وقفے وقفے سے تیز بارش کی توقع ہے، محکمہ موسمیات نے شہر میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ ادھر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی اگلے دو روز کے دوران شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ یہ الرٹ بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، خان پور، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارش سے پہاڑی ندی نالے بپھرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔