خلائی، الیکٹرانک اور سائبر ٹیکنالوجی پاک فضائیہ کی اولین ترجیح ہے ، ایئر چیف مارشل

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ خلائی صلاحیتوں، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے ملکی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ ملک بھر میں آج 7 ستمبر 1965 کی جنگ میں لڑے گئے تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں یوم فضائیہ منایا جا… آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ائیر بیسز پر یومِ شہداء کی تقریبات کا انعقاد ہوا، جہاں 1965 اور 1971 کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اسلام آباد میں ائیر ہیڈکوارٹرز میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں ائیر چیف نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اپنے خطاب میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ یومِ شہداء ہمیں پاک فضائیہ کی جرات، قربانی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی سنہری روایات یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے فضائی محافظ ہر چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور فضائی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ائیر چیف کے مطابق ہمارے ہیروز کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ہم ان کے ایثار کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔ ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جائز اور مقامی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا پاک فضائیہ خلائی صلاحیتوں، الیکٹرانک وارفیئرکےفروغ سے ملکی خودمختاری کےتحفظ کے لیے پرعزم رہےگی۔ ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا پاک فضائیہ سائبر ٹیکنالوجیز اور مقامی دفاعی پیداوارکے فروغ سے ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم رہےگی۔