پاکستان پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز میزبانی کیلئے تیار

پاکستان پہلی بار نومبر میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کی میزبانی کرے گا، جس میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا حصہ لیں گے۔ سیریز 17 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے میچ سے شروع ہوگی، جو پاکستان میں افغانستان کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی ہوگا۔ 19 نومبر کو راولپنڈی میں سری لنکا اور افغانستان آمنے سامنے آئیں گے، جبکہ باقی پانچ میچز اور 29 نومبر کو فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹرائی سیریز کا شیڈول کچھ یوں ہے: 22 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا، قذافی اسٹیڈیم 23 نومبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان، قذافی اسٹیڈیم 25 نومبر: سری لنکا بمقابلہ افغانستان، قذافی اسٹیڈیم 27 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا، قذافی اسٹیڈیم 29 نومبر: فائنل، قذافی اسٹیڈیم یہ ٹورنامنٹ ٹیموں کو اگلے سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم پاکستان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے لیے سری لنکا اور افغانستان کی میزبانی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ نا صرف آئندہ سال کے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی شاندار تیاری فراہم کرے گا بلکہ شائقین کو مختلف وینیوز پر دلچسپ کرکٹ بھی دیکھنے کو ملے گی۔ سمیر احمد سید کے مطابق اس سال کے آغاز میں پی سی بی نے کامیابی کے ساتھ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی میزبانی کی تھی۔ یہ کامیابیاں ہماری اہلیت اور اعلیٰ سطح پر مسلسل بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔