جاپانی وزیراعظم شیگیرواشیبا نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ۔ شیگیرواشیبا ایک سال سے بھی کم عرصے تک جاپان کے وزیراعظم رہے،انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں نے لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کےصدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاپانی وزیراعظم نے یہ فیصلہ حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کو تقسیم ہونے سے بچانے کے لیے کیا،جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب کچھ ہفتے قبل شیگیرو اشیبا نے ان رپورٹس کی تردید کی تھی کہ وہ جولائی میں ہونے والے انتخابات میں ایل ڈی پی کی تاریخی ناکامی کے بعد عہدہ چھوڑنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں،اس وقت جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کے ساتھ ٹیرف معاہدے کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اکتوبر 2024 میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا،مگر اکتوبر میں ہی انتخابی ناکامی کے بعد ان کی جماعت کو پارلیمان کے ایوان زیریں میں اکثریت سے محروم ہونا پڑا تھا،اس ناکامی نے شیگیرو اشیبا کے لیے پالیسیوں کا نفاذ مشکل بنا دیا تھا۔
