کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا بھر کے شائقین کو متاثر کیا اور اپنے عظیم حریف لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں نئی تاریخ رقم کی۔ رونالڈو نے ہفتہ کو آرمینیا کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں دو گول اسکور کر کے پرتگال کو 0-5 سے فتح دلائی اور ایک اہم ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اس میچ سے پہلے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی آل ٹائم اسکورنگ فہرست میں دوسری پوزیشن کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی دونوں کے پاس تھی،اور دونوں کے پاس 36، 36 گولز تھے۔ لیکن اس میچ میں رونالڈو نے دو گول اسکور کرنے کے بعد اپنا مجموعہ 38 گول تک بڑھا لیا اور یوں اکیلے دوسری پوزیشن اپنے نام کر لی، جبکہ میسی اب تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر گوئٹے مالا کے کارلوس روئیز موجود ہیں جن کے 39 گول ہیں۔
