موبائل سمز ڈیٹا انٹرنیٹ پر فروخت ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے این سی سی آئی اے کو ہدایت کردی۔ انٹرنیٹ پر حکومتی شخصیات، اعلیٰ سرکاری افسران اور وفاقی وزرا کی موبائل سمز کا تمام ڈیٹا انٹرنیٹ پر کھلے عام فروخت ہورہا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی سے چیئرمین پی ٹی اے تک تمام شخصیات کی سمز کی تفصیلات، شناختی کارڈ کی تصاویر، کال ڈیٹا ریکارڈ اور لوکیشن کی تفصیلات گوگل اور مختلف ویب سائٹس پر سستے داموں فروخت ہورہی ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو ہدایات جاری کیں اور تحقیقات کیلیے 14 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے، یہ ٹیم ڈیٹا لیکج کے معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی جبکہ اس میں ملوث عناصر کا تعین کر کے فوری کارروائی کرے گی۔
