ٹرائی نیشن سیریز فائنل: پاکستان نے افغانستان کے لیے 142 رنز کا ہدف مقرر کر دیا

ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل مقابلے میں پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز کا ہدف دے دیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے فائنل مقابلے میں پاکستانی شاہینز کو افغان اسپنر نے جکڑ کر رکھا، پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز ہی بنا سکی۔ اوپنر بلے باز فخر زمان 27، محمد نواز 25 اور کپتان سلمان علی آغا 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب 17، حسن نواز اور فہیم اشرف 15،15 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ آؤٹ آف فارم محمد حارث ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 2 رنز بناکر نور احمد کا شکار بنے جب کہ صاحب زادہ فرحان کھاتہ بھی کھول نہ سکے۔ افغانستان کے اسپنر نے مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں، کپتان راشد خان نے 3، نور احمد نے 2 جب کہ اے ایم غضنفر نے ایک وکٹ اپنے نام کی، جب کہ فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی نے 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل، پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کی پلینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ باؤلر سلمان مرزا کی جگہ صفیان مقیم کو قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔