پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سیلاب کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، خاص طور پر جلالپور پیروالا۔ انہوں نے بتایا کہ جلالپور پیروالا کو راوی، چناب اور ستلج دریاؤں کا پانی متاثر کر رہا ہے، اور چند گھنٹے پہلے شگاف پڑنے سے مزید پانچ چھ آبادیاں… تمام متاثرہ افراد کے محفوظ انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج جلالپور پیروالا کا دورہ کریں گی، اور 175 سے زائد ریسکیو بوٹس وہاں کام کر رہی ہیں۔ تاہم لوگوں کی جانب سے انخلا سے گریز کرنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شگاف کو بند کرنے کے لیے تمام مشینری کام کر رہی ہے اور پاک آرمی ایک ہفتے سے ریسکیو آپریشنز میں شریک ہے۔ بھارت کی جانب سے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑنے کا سلسلہ رک چکا ہے، اب وہ صرف اپنی ڈاؤن اسٹریم نہروں میں پانی جاری کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نارووال، شیخوپورہ، لاہور اور ننکانہ میں پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، چنیوٹ میں کافی تیزی سے پانی اتر رہا ہے،پانی اترنے والے علاقوں میں ریلیف کیمپوں سے لوگ واپس جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے تین دن کا بڑا چیلنج ساؤتھ پنجاب ہے، ملتان کی صورتحال تشویشناک ہے،مظفرگڑھ، لیاقت پور اور رحیم یارخان کی صورتحال تشویشناک ہوگی۔
