دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ویڈیوز کو مختلف زبانوں میں ڈب کرنے کی سہولت متعارف کروادی۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے ایک نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے جس سے کانٹینٹ کرئیٹرز اپنی ویڈیوز کو مختلف زبانوں میں آسانی سے ڈب کر سکیں گے۔ اس فیچر کی مدد سے اب ویڈیوز دنیا کے کسی بھی خطے میں رہنے والے افراد تک پہنچ سکتی ہیں، کیونکہ لوگ اپنی زبان میں مواد دیکھ سکیں گے۔ یوٹیوب کا اندرونی اے آئی ٹول کانٹینٹ کرئیٹرز کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ تیسرے فریق کی مدد کے بغیر اپنی ویڈیوز کو مختلف زبانوں میں ڈب کر سکیں۔ اس فیچر کے استعمال سے ویڈیوز کو دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور تخلیق کار عالمی سطح پر اپنے ناظرین تک آسانی سے پہنچ سکیں گے۔ پہلے یہ فیچر صرف چند لوگوں کے لیے دستیاب تھا، لیکن اب ہر کانٹینٹ کرئیٹر اسے استعمال کر سکتا ہے، جس سے ویڈیو تخلیق کرنے کا عمل آسان اور زیادہ مؤثر ہو گیا ہے۔
