سندھ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلئے گئے، کنویں سے یومیہ 22.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 690 بیرل تیل حاصل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں توانائی کے شعبے سے اچھی خبر سامنے آئی ہے، تیل و گیس کی تلاش میں او جی ڈی سی ایل کو اہم کامیابی مل گئی۔ سندھ کے ضلع خیرپور میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے کہا گیا کہ دریافت خیرپور بترسم ایسٹ-1 ایکسپلورٹری کنویں سے کی گئی ہے، کنویں سے یومیہ 22.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 690 بیرل تیل حاصل ہوگا۔ یہ کنواں 30 جون 2025 کو کھودا گیا تھا جس کی گہرائی 3 ہزار 800 میٹر تک رکھی گئی۔ او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ نئی دریافت سے نہ صرف ملک کے ہائیڈروکاربن ریزروز میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ دریافت توانائی کی سپلائی اور ڈیمانڈ کے فرق کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
