امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر تنقید کی زد میں ہیں، جب ان کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ عالمی جریدے بلومبرگ کی صحافی کیتھرین لوسی کے ساتھ ناروا رویہ اپناتے دکھائی دیے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، چند روز قبل صدر ٹرمپ اِیر فورس ون پر صحافیوں سے بات کر رہے تھے کہ اسی دوران کیتھرین لوسی نے جنسی جرائم کے ملزم جیفری ایپسٹین سے متعلق حالیہ دستاویزات کے بارے میں سوال کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوال مکمل ہونے سے پہلے ہی ٹرمپ نے انگلی اٹھا کر انہیں خاموش رہنے کا کہا اور توہین آمیز انداز اختیار کیا۔ کیتھرین لوسی نے اس رویے پر فی الحال کوئی ردِعمل نہیں دیا، لیکن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صحافتی حلقوں اور صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلومبرگ نے کیتھرین لوسی کی حمایت میں کہا کہ’ہمارے نمائندے ایک اہم عوامی خدمت انجام دیتے ہیں، بغیر کسی خوف سوالات پوچھتے رہیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے توہین آمیز رویے سے متعلق وائٹ ہاؤس کے عہدیدار سے جب سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ’ اس رپورٹر نے جہاز میں اپنے کولیگز کے ساتھ نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ سلوک اپنایا تاہم اس الزام کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا‘ ۔






