کیا آپ نے کبھی سوچا کہ موسیقی کا ذائقہ کیا ہوسکتا ہے؟ اگر ہاں تو اب یہ جاننا ممکن ہے یا یوں کہہ لیں کہ کسی حد تک ممکن ہے۔ جی ہاں واقعی لولی پاپ اسٹار نامی ڈیوائس آپ کے دانتوں کے ذریعے موسیقی پلے کرتی ہے۔ ایک کمپنی نے لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے موقع پر یہ انوکھی ڈیوائس پیش کی۔ 9 ڈالرز کا لولی پاپ بون کنڈکشن کو استعمال کرکے موسیقی کو اندرونی کان میں بجاتی ہے جبکہ میٹھا کھانے کا شوق بھی پورا ہو جاتا ہے۔ لاوا ٹیک برانڈز نے اسے تیار کیا ہے اور ایک بار ہی استعمال کیا جاسکتا ہے، یعنی لولی پاپ ختم ہونے پر موسیقی بھی تھم جاتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کی جانب سے عالمی سطح پر گلوکاروں سے شراکت داری کی گئی ہے تاکہ موسیقی صارفین کو فراہم کی جاسکے۔ ہر لولی پاپ اسٹار کی اپنی دھن، ذائقہ اور انداز ہے۔ مثال کے طور پر آڑو کے ذائقے کے لولی پاپ میں آئی اسپائس کی موسیقی سننے کو ملے گی جبکہ بلیو بیری فلیور Akon کا گانا پلے کرے گا۔ کمپنی کے مطابق اس لولی پاپ میں الیکٹرونکس کو اسٹک کے اندر چھپایا گیا ہے جب آپ لولی پاپ کو چباتے ہیں تو ارتعاش جبڑوں سے اندرونی کان تک پہنچتا ہے۔ اسے آنے والے ہفتوں میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔






