وٹامن سی انسانی صحت کے لیے نہایت اہم غذائی جز ہے جو قوتِ مدافعت، جِلد کی صحت اور جسمانی تندرستی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر زندہ خلیات کو نقصان سے بچاتا ہے اور زخم بھرنے میں مدد دیتا ہے۔ ماہرینِ غذائیت کے مطابق بلیوبیریز کو صحت بخش سمجھا جاتا ہے مگر ان میں وٹامن سی کی مقدار صرف 9.8 فیصد پائی جاتی ہے۔ اس کے برعکس امرود میں بلیوبیری کے مقابلے میں تقریباً 20 گنا زیادہ وٹامن سی پایا جاتا ہے۔ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ 100 گرام امرود میں تقریباً 222 ملی گرام وٹامن سی موجود ہوتا ہے۔ امرود ناصرف وٹامن سی سے بھرپور ہے بلکہ فائبر، وٹامن اے اور فولک ایسڈ کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔ یہ قوتِ مدافعت بڑھانے، نظامِ ہاضمہ بہتر بنانے، جِلد اور بینائی کی صحت، حمل کے دوران خلیاتی نشوونما اور وزن کنٹرول میں مدد دیتا ہے۔ دوسری جانب بلیوبیریز اینٹی آکسیڈنٹس خاص طور پر اینتھوسائننز سے بھرپور ہوتی ہیں جو سوزش کم کرنے، دل اور دماغ کی صحت بہتر بنانے اور انسولین حساسیت بڑھانے میں معاون سمجھا جاتا ہے۔ امریکی محکمۂ زراعت اور نیشنل لائبریری آف میڈیسن کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وٹامن سی کے معاملے میں امرود تمام پھلوں پر سبقت رکھتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ وٹامن سی کے حصول کے لیے امرود بہترین انتخاب ہے تاہم مجموعی صحت کے لیے امرود اور بلیوبیریز دونوں کو متوازن مقدار میں غذا کا حصہ بنانا بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔






