پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 100 انڈیکس دو اہم نفسیاتی حدیں گنوا بیٹھا

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھی گئی، جس کے باعث مارکیٹ 1 لاکھ 84 ہزار اور 1 لاکھ 83 ہزار پوائنٹس کی دو اہم نفسیاتی حدیں کھو بیٹھی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2025 پوائنٹس کی نمایاں کمی کے ساتھ 1 لاکھ 82 ہزار 384 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دورانِ کاروبار انڈیکس ایک وقت میں 184,439 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچا، تاہم شدید فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی۔ آج کے کاروبار میں 33 ارب روپے مالیت کے 41 کروڑ سے زائد حصص کے سودے ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر 562 کمپنیوں کے شیئرز میں لین دین ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں 161 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 284 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں کم ہو گئیں۔ ماہرین کے مطابق سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینک، توانائی اور ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ میں مندی رہی۔ سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی اور منافع کے حصول کے رجحان نے بھی مارکیٹ پر منفی اثر ڈالا۔