گوگل نے کروم کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) براؤزر میں تبدیل کر دیا ہے۔ ابھی یہ اپ ڈیٹ امریکی صارفین کے لیے کی گئی ہے۔ اس کے لیے گوگل نے کروم میں ایک نئے جیمنائی سائیڈ پینل، بلٹ ان اے آئی ایجنٹس اور نانو بنانا امیج ایڈیٹنگ جیسے فیچرز کو ویب براؤزر کا حصہ بنایا ہے۔ اس طرح کروم کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ متعدد ٹیبز میں آپ کیا کر رہے ہیں، کیا کرنا چاہتے ہیں بلکہ وہ بیک گراؤنڈ میں آپ کے ٹاسک بھی مکمل کرسکے گا۔ یہ حالیہ برسوں میں گوگل کروم میں کی جانے والی سب سے بڑی تبدیلی ہے۔ حال ہی میں جیمنائی میں پرسنل انٹیلی جنس فیچر کا اضافہ کیا گیا تھا جس کی بدولت اس اے آئی ماڈل کو آپ کے بارے میں کافی کچھ معلوم ہوسکے گا اور وہ کروم کے اندر زیادہ مددگار ثابت ہوسکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک نیا آٹو براؤز فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ یہ فیچر ملٹی اسٹیپ ٹاسکس جیسے ٹکٹ بکنگ یا تعطیلات کی منصوبہ بندی وغیرہ کو بیک گراؤنڈ میں مکمل کرتا ہے تاکہ آپ براؤزنگ جاری رکھیں۔ جہاں تک جیمنائی سائیڈ پینل کی بات ہے یہ کروم میں کی جانے والی سب سے نمایاں نئی تبدیلی ہے۔ اس کے لیے براؤزر کے دائیں جانب اوپری کونے میں جیمنائی آئیکون موجود ہوگا، جس پر کلک کرنے پر سائیڈ پینل نظر آئے گا۔ نانو بنانا امیج جنریٹر کے لیے سائیڈ پینل پر اپنی تحریری ہدایات دیں یا کوئی تصویر پہلے سے اوپن ہے تو آپ جیمنائی کو ہدایت کرسکتے ہیں کہ اس میں آپ کی مطلوبہ تبدیلیاں کر دیں۔






