آئی پی ایل سے ایک اور اہم آسٹریلوی کھلاڑی باہر

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر نیتھن ایلس انجری کے سبب آئی پی ایل سے باہر ہوگئے۔ آئی پی ایل کی فرنچائز چنئی سپر کنگز نے ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ نیتھن ایلس آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں انہیں انجری سے صحت یاب ہونے پر تین ماہ کا عرصہ لگے گا۔ نیتھن ایلس 11مارچ کو ڈومیسٹک ون ڈے کپ کے فائنل میں ہونے والی ہیمسٹرنگ انجری کے دوبارہ ہونے کی وجہ سے آئی پی ایل سے باہر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ نیتھن ایلس کو چنئی سپر سنگز نے 2 لاکھ 15 ہزار ڈالرز میں ری ٹین کیا تھا۔ علاوہ ازیں کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ 3 فاسٹ بولرز مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ ریکوری کے تحت آئی پی ایل کے لیے فوری دستیاب نہیں ہوں گے، فاسٹ بولرز کا آئندہ سیزن کے باعث لوڈ مینجمنٹ کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق تینوں فاسٹ بالرز کی آئندہ ہفتوں کے دوران مانیٹرنگ کے بعد مزید فیصلہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مچل اسٹارک لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے بھارتی لیگ کے آغاز میں دستیاب نہیں ہوں گے، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز بھی آئی پی ایل کے شروع میں دستیاب نہیں ہوں گے۔