اسلام آباد یونائیٹڈ کی لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست

پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ اسلام آباد کے خلاف لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں صرف 100 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے سکندر رضا 25 ،حسیب اللہ 19 اور آصف علی 15 رن بنا سکے۔اسلام آباد کی جانب سے کرس گرین نے 3 ، رچرڈ گلیسن ، عماد وسیم اور شاداب خان کی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کا 101 رنز کا ہدف با آسانی 11 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیون کونوے 59 اور محمد فائق 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ سمیر منہاس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ یوں اسلام آباد نے ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کرلی۔ پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو اسلام آباد 5 میچز میں 7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔لاہور قلندرز 4 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں پوزیشن پر ہے۔