بنگلہ دیشی حکومت نے عید الاضحیٰ پر 7 چھٹیوں کا اعلان کردیا، جس کے تحت 25 سے 31 مئی تک تعطیلات ہوں گی۔ بنگلہ دیشی حکومت نے عید الاضحیٰ 2026 کے موقع پر شہریوں کے لیے مسلسل 7 روز کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیرِ اعظم طارق رحمان کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ کابینہ ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ عید کی تعطیلات 25 مئی سے 31 مئی 2026 تک ہوں گی، چھٹیوں کے طویل سلسلے کے پیشِ نظر، ہفتہ 23 مئی کی ہفتہ وار چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے، تاکہ دفتری امور متاثر نہ ہوں۔ سرکاری دفاتر 23 اور 24 مئی (ہفتہ اور اتوار) کو کھلے رہیں گے، جس کے بعد 25 مئی سے باقاعدہ چھٹیوں کا آغاز ہوگا۔ اجلاس میں عید کی چھٹیوں کے علاوہ “نیشنل پبلک ٹوائلٹ پالیسی 2026” کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی، اس پالیسی کا مقصد ملک بھر میں عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانا اور خواتین و بچوں کے لیے علیحدہ اور معیاری واش رومز کی سہولت یقینی بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 7 روزہ تعطیلات کا مقصد عید کے موقع پر گھروں کو جانے والے لاکھوں شہریوں کو سفری دشواریوں سے بچانا اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے، تاکہ لوگ سکون سے مذہبی تہوار منا سکیں۔






