پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہو گئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا عمل جاری ہے جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے بلامقابلہ انتخاب کے بعد پیپلزپارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہو گئے۔ خیال رہےکہ امجد حسین ایڈووکیٹ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں۔ امجد حسین ایڈووکیٹ حالیہ الیکشن میں جی بی اے 1 گلگت سے کامیاب ہوئے ہیں۔ خیال رہےکہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے 24 میں سے 21 حلقوں کے سرکاری نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیپلزپارٹی 9، مسلم لیگ (ن) 6، آئی پی پی 4، ایم ڈبلیو ایم 1 اور آزاد امیدوار 1نشست پرکامیاب ہوئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جی بی اے 9 اسکردو 3، جی بی اے 17 دیامر 3 اور جی بی اے 15 دیامر 1 کے نتانج کا اعلان بعد میں ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کی 6 مخصوص نشستوں میں سے 3 پیپلزپارٹی، 2 ن لیگ اور ایک آئی پی پی کےحصے میں آئی۔ ٹیکنوکریٹ کی 3 نشستوں میں سے پیپلزپارٹی، ن لیگ اور آئی پی پی کو ایک ایک نشست ملی۔ علیم خان نے بلاول بھٹو کی گلگت بلتستان میں حکومت سازی کی پیشکش قبول کر لی۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی اور آئی پی پی کو مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی گئی۔ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان میں مختلف عہدوں کےلئے علیم خان سےحمایت پر گفتگو کی۔ علیم خان نے بلاول بھٹو کی حکومت سازی کی پیشکش قبول کر لی۔ جی بی میں حکومت سازی کیلئےآئی پی پی پیپلزپارٹی کا ساتھ دے گی۔ علیم خان کا کہنا ہے کہ جی بی میں وزیراعلیٰ، اسپیکر و دیگر عہدوں پر انتخاب کےلئے پی پی کا ساتھ دیں گے، وزیراعلیٰ، اسپیکر اور دیگر عہدوں پر بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سےخوشگوار اور مثبت بات چیت ہوئی۔






