اب دھونس، دھمکیوں اور وعدہ خلافی کی کوئی کارروائی بغیر جواب کے نہیں رہے گی، قالیباف

ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب دھونس، دھمکیوں اور وعدہ خلافی کی کوئی کارروائی بغیر جواب کے نہیں رہے گی۔ قالیباف نے امریکا کو مزید خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بے مقصد ہاتھ پاؤں مارنے سے گریز کریں ورنہ آپ مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ واضح کر دینا چاہتا ہوں، اگر آپ حملہ کریں گے تو آپ پر بھی حملہ ہوگا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکی دباؤ کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم بحری گزرگاہ امریکی دھمکیوں سے نہیں بلکہ صرف ایرانی انتظامات کے تحت ہی کھلے گی۔ قالیباف نے امریکا کو مزید خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بے مقصد ہاتھ پاؤں مارنے سے گریز کریں ورنہ آپ مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے۔ ایرانی اسپیکر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور آبنائے ہرمز کی سلامتی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے ایران میں بندرعباس سمیت مختلف شہروں پر حملے کیے اور ایک فائرفائٹر بھی ان کی زد میں آکر جاں بحق ہوا جبکہ ریلوے پل کو بھی نشانہ بنایا گیا۔