آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے انسانیت کو لاحق ممکنہ خطرات کے حوالے سے کافی بحث کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے سب سے زیادہ کی جانے والی پیشگوئی کو مسترد کیا ہے۔ ماہرین کی جانب سے اکثر پیشگوئی کی جاتی ہے کہ اے آئی کے باعث کروڑوں افراد ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے۔ مارک زکربرگ نے حال ہی میں ایک مضمون امریکی اخبار کے لیے لکھا تھا جس میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اے آئی کے مستقبل کا انحصار ٹیکنالوجی کی بجائے اس پر زیادہ ہوگا کہ کون اسے کنٹرول کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوانسڈ اے آئی کا کنٹرول حکومتوں یا طاقتور اداروں کی بجائے بڑے پیمانے پر لوگوں کے پاس ہونا چاہیے۔ ان کا ماننا ہے کہ اے آئی تک عوامی رسائی سے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مزید افراد کاروبار کرسکیں گے اور مزید ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ مارک زکربرگ کے مطابق ان کے لیے یہ بات حیرت انگیز ہے کہ اے آئی پر کام کرنے والے متعدد افراد انتباہ کرتے ہیں کہ اس ٹیکنالوجی کی بدولت متعدد ملازمتیں ختم ہو جائیں گی اور انسانیت کا کردار گھٹ جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ بات ناقابل فہم ہے کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اور پھر بھی اس پر متحرک انداز سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ مانتے ہیں کہ اے آئی لوگوں کو زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرنے والا ٹول ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسی متعدد مثالیں موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ زندگی بدل دینے والی ٹیکنالوجیز سے عام افراد کو آگے بڑھنے میں مدد ملی۔






