تحریک انصاف کی ایک اور وکٹ گر گئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والی چوہدری ساجد محمود نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ چوہدری ساجد محمود نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میں نے 2008 میں پی ٹی آئی جوائن کی تھی، پارٹی ٹکٹ پر 2 الیکشن لڑا ہوں جس میں سے ایک جیتا اور ایک ہارا۔ چوہدری ساجد محمود نے کہا کہ سب سے پہلے 9 مئی واقعے کی پُرزور مذمت کرتا ہوں، واقعہ دل خراش تھا جس نے پاکستان کی سیاست کو ہلاکر رکھ دیا، پاکستان کے 24 کروڑ عوام نے واقعے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی واقعے میں ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کی مذمت کرتا ہوں، ان کے بیانیے سے پی ٹی آئی کو بہت بڑا نقصان ہوا۔ چوہدری ساجد محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز اور کارکنان سے ہاتھ جوڑ کر معافی کا طلب گار ہوں، آج میں اس بیانیے کے ساتھ پی ٹی آئی میں نہیں رہ سکتا، میں باضابطہ طور پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔