وفاقی وزیر اور پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان اقتدار میں آنے کیلئے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔
شیری رحمان ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کا واقعہ شرمناک اور قابل مذمت ہے، پی ٹی آئی کی گالم گلوچ اور بدتمیزی کی سیاست نا صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی باعث شرمندگی بن چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگوں سے اپیل ہے پاکستان تحریک انتشار کی سیاست کا حصہ نا بنے، اقتدار میں آنے کیلئے تحریک انصاف کے رہنما ایک بار پھر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، 25 مئی کے لانگ مارچ اور محاصرے میں ناکامی کہ بعد عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، انہوں نے خود تسلیم کیا کہ لوگ ان کی لانگ مارچ کی کال پر نہیں نکلے، عوام جانتی ہے یہ حقیقی آزادی نہیں “عمران بچائو” تحریک ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا ہے کہ عمران خان کا واحد مقصد کیسز اور نااہلی سے بچنا ہے، پی ٹی آئی ایک بار پھر جلائو گھیرائو اور اسلام آباد کے محاصرے کے طبل بجا رہی ہے، عمران خان انتخابات کی نہیں بلکہ اقتدار میں آنے کی یقین دہانی مانگ رہے، شیری رحمان یہ جلسوں میں شیر بنتے ہیں اداروں اور لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں لیکن اندر منت سماجت کرتے ہیں، ان کی سیاست امپائر کی انگلی کے انتظار میں گزر رہی ہے۔






