حکومت کا بلین ٹری سونامی منصوبے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

حکومت نے بلین ٹری سونامی منصوبے کا نام تبدیل کرکے گرین پاکستان پروگرام کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے بلین ٹری سونامی منصوبہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس منصوبے کا نام تبدیل کرکے گرین پاکستان پروگرام کردیا گیا ہے۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں گرین پاکستان پروگرام کے لئے 9 ارب 45 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ منصوبے کے لئے گزشتہ سال کے مقابلے میں ساڑھے چارارب روپے کی کمی گئی ہے۔ پنجاب اس منصوبے کے تحت مزیدشجرکاری کی بجائے پہلے سے لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال ہوگی تاہم مون سون شجرکاری معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ستمبر 2019 میں 10 بلین ٹری منصوبہ شروع کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق 10 بلین ٹری منصوبے کو محدود کیے جانے کی ایک وجہ اس منصوبے میں سامنے آنیوالی مالی بے ضابطگیاں بھی ہیں۔
حال ہی میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے تحریک انصاف کی حکومت کے فلیگ شپ 10بلین ٹری سونامی منصوبے کے تین سال کے خصوصی آڈٹ کے دوران تین ارب 49کروڑ 35لاکھ روپے سے زیادہ کی سنگین بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کا سراغ لگایا ہے۔