عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ ماہرین فلکیات نے بتا دیا

عید الفطر کے چند روز بعد ہی مصر کے فلکیاتی ماہرین کی جانب سے عید الاضحیٰ کے حوالے سے پیشگوئی کی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے کے رپورٹ میں مصر کے فلکیاتی ادارے جیو فزیکل ریسرچ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ذی الحج کا چاند 6 جون بروز جمعرات کو دیکھا جاسکے گا۔ جیو فزیکل ریسرچ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مصر میں ذی الحج کے مہینے کا آغاز جمعہ 7 جون 2024 کو ہوگا، اس حساب سے عید الاضحیٰ 2024 کا پہلا دن اتوار 16 جون 2024 کو ہوگا جب کہ وقوف عرفہ 15 جون کو ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق حتمی رائے سعودی عرب کی طرف سے عید الاضحی کی تاریخ کا تعین کرنے کے بعد ہی قائم کی جا سکے گی۔ دوسری جانب پاکستان میں عید الاضحٰی کی تاریخ کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ذی الحج کا چاند نظر آنے کے بعد کرے گی۔