فوج کا اپنا ادارہ ہے، کوئی مداخلت نہیں کرسکتا: پرویز خٹک

سابق وزیر دفاع و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمیں کسی پر اعتراض نہیں جو بھی نامزد ہوتا ہے ہو، فوج کا اپنا ادارہ ہے، اس میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتا۔
پشاور میں اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ ہمارا احتجاج آج سے تو نہیں ہے جس دن سے عمران خان کو اتارا گیا اس دن سے ہے، پہلے دن سے ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات کرائے جائیں جو حکومت بنی ہے وہ ڈیلیور نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق اس وقت کوئی بیک ڈور بات چیت نہیں ہورہی۔
آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق صحافیوں کے سوال پر پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ فوجی آدمی کسی کا امیدوار نہیں ہوسکتا، کوئی بیوقوف ہی ہوگا جو ایک جنرل کوکہے گا کہ میرا امیدوار ہے، فوج کا اپنا ادارہ ہے، اس میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمیں کسی پر اعتراض نہیں جو بھی نامزد ہوتا ہے ہو، یہ ایک سسٹم ہے، وہاں سے ریکمنڈ ہوتا ہے، جو بھی جنرل ہو پاکستان کا بہترین جنرل ہے، بہترین ڈیلیور کرے گا، وہ ملک دشمن تو نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون میں تاحیات توسیع کے اختیارات نہیں، آئین میں صرف عمر کا ذکر ہے، 64، 65 سال تک توسیع ہوسکتی ہے، انہوں نے کیسے کہہ دیا، کبھی پوچھوں گا، ہم سیاسی اور پڑھے لکھے لوگ ہیں، اللہ نے عقل دی ہے، غلط فہمی ہوگی، الفاظ کے انتخاب میں غلط فہمی ہوئی ہوگی۔