نواز شریف کو ان کے حلقے میں الیکشن ہراؤں گا، عمران خان کا چیلنج

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف واپس آئیں اور الیکشن لڑیں، میں ان کے حلقے میں ہراؤں گا۔
گوجرانوالہ میں لانگ مارچ سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ قوم اگر آزاد نہیں ہوتی تو اس کی عزت نہیں ہوتی، جو قوم غلام ہوتی ہیں تو ان کی عزت نہیں ہوتی، عام آدمی کے بنیادی حقوق نہیں ہوتے کیونکہ وہ غلام ہوتے ہیں، عام آدمی کچری میں رُلتا ہے، اس کی شنوائی نہیں ہوتی۔
عمران خان نے کہا کہ غلام قوم کی حکومت کو اسکرپٹ باہر سے ملتا ہے، حکومت کو کہا جاتا ہے کہ روس سے سستا تیل نہیں لینا، بھارت کو روس سے سستا تیل تو مل سکتا ہے لیکن پاکستانیوں کو اس کی اجازت نہییں، حکمران امریکا سے اجازت لیتے ہیں، جب ہم کسی سپر پاور کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہیں تو میری نظر میں یہ شرک ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد قوموں کے حقوق ہوتے ہیں، عدالتیں عوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرتی ہیں۔
عمران کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری مل کر کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ملک کی اسٹیبلشمنٹ اور فوج کے خلاف کھڑا کرے۔ یہ ملک کے خلاف سب سے بڑی سازش ہے۔
چیہئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں نوازشریف نہیں کہ ملک سے فرار ہوجاؤں، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، مجھ پر درجنوں مقدما ت درج کیے گئے، الیکشن کمشنر مجھ پرعلیحدہ مقدمات کررہا ہے، اس کے خلاف تو میں ہرجانے کے لیے عدالت جاؤں گا، ان سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی طرح ملک میں چور مسلط ہوجائیں اور پاکستانی فوج کا تحریک انصاف سے ٹاکرا کروائیں۔
نواز شریف اور آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی واحد قومی جماعت ہے، باقی جماعتیں تو چھوٹی چھوٹی رہ گئی ہیں۔ نوااز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ تمہارے حلقے میں الیکشن لڑواؤں گا، مجھے ذرا فارغ ہونے دو آصف زرداری کے پیچھے سندھ آرہا ہوں۔
دوسری طرف تحریک انصاف نے آج پانچویں روز کا لانگ مارچ گوجرانوالہ شہر کے گوندلانوالہ چوک میں ختم کر دیا ہے۔
لانگ مارچ کل چھٹے روز عزیز کراس فلائی اوور پنڈی بائی پاس سے شروع ہوگا اور راہوالی کینٹ اور گکھڑ کے علاقوں میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خطاب کریں گے۔