پارلیمنٹ کا آج ہونے والا مشترکہ اجلاس ایک بار پھر ملتوی

پارلیمنٹ کا آج ہونے والا مشترکہ اجلاس ایک بار پھر ملتوی ہوگیا۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے بغیر کوئی وجہ بتائے ایک بار پھر آج بروز جمعرات کو ہونے والا پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس مزید ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دیا اور اب یہ اجلاس 20 دسمبر کو ہو گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ (مشترکہ اجلاس) رولز 1973 کی شق 4 کے تحت دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مشترکہ اجلاس ملتوی کیا۔
یہ پانچواں موقع ہے جب اسپیکر قومی اسمبلی نے 26 مئی کو صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے طلب کیے گئے مشترکہ اجلاس کو بغیر کوئی وجہ بتائے ملتوی کیا ہے۔
پارلیمنٹ کا آخری مشترکہ اجلاس 11 اکتوبر کو ہوا تھا جس میں حکومت نے معمول کی قانون سازی کرتے ہوئے 3 بلز منظور کیے تھے، ان بلوں میں ڈسلیسیا اسپیشل میژرز بل 2022، ٹریڈ آرگنائزیشن (ترمیمی) بل 2022 اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ڈومیسٹک ورکرز بل 2022 شامل تھے، بلوں کی منظوری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے مشترکہ اجلاس کو جاری رکھنے کے بجائے اسے 18 نومبر تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
تاہم، 6 اکتوبر کو حکومت نے لازمی صدارتی خطاب کے لیے خصوصی مشترکہ اجلاس بلایا تھا اور ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت اور اپوزیشن اراکین کے بائیکاٹ کے دوران اپنی تقریر کی تھی۔