عمران خان نے کافی کچھ سیکھ لیا ہو گا اب سنجیدگی آ جانی چاہیے: مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کافی کچھ سیکھ لیا ہو گا اب سنجیدگی آ جانی چاہیے، اتحادیوں نے عمران خان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان عدم اعتماد کے ذریعے جمہوری طریقے سے نکالے گئے، وہ اپنی کارکردگی نہیں دیکھتے، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ان کا اقتدار ختم ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو بات چیت کرنی ہے تو اس میں کنڈیشن نہیں لگائی جاتی، پاکستان کی بہتری کے لیے بات چیت ضروری ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، ایم کیو ایم کے ساتھ پہلے بھی اتحاد رہا ہے، ایم کیو ایم کے ساتھ اس صوبے کی بہتری کے لیے ساتھ چلنا ہے، ہم الیکشن کے لیے ہر وقت تیار ہیں، پیپلز پارٹی پر اس کے ورکرز کا شدید دباؤ ہے، ایم کیوایم کے لوگ اپنے خدشات سے پہلے بھی ہمیں آگاہ کرتے رہتے ہیں، ایم کیو ایم کے خدشات الیکشن کے لیے نہیں ہیں، ہم ان کے خدشات ضرور دور کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور میں کراچی پر توجہ نہیں دی، ہمیں مہنگائی کا اندازہ ہے، اس نے ساڑھےتین پونے چار سال تباہی مچائی، انتظامی طور پر دیکھنا ہے کہ الیکشنز کیسے کرانے ہیں۔
انہوں نے مزید کہنا کہ 20 ہزار سے زائد اسکول سیلاب سے تباہ ہوئے ہیں، انتخابات اسکول میں کرائے جاتے ہیں، پہلے لوگوں کو تو بچالیں، یہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا۔