ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں فوری ریلیف کی ضرورت ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں فوری ریلیف کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک کو معاشی، سماجی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے، روس اور یوکرائن جنگ کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو دباو کا سامنا ہے، بین الاقوامی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کو طویل مدتی سستے قرضے فراہم کریں، خطے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ ایجنڈے پر کام کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ خوراک کی قیمتوں میں اضافہ اور توازن ادائیگی کے بحران کا سامنا ہے، ترقی پذیر ممالک کو قرضوں پر ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا ہے حکومت نے غریب ترین اضلاع کیلئے 40 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے، وزارت ترقی و منصوبہ میں ایس ڈی جیز یونٹ قائم کیا گیا ہے، پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات 46.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، سیلاب کے باعث غربت میں 3.7 فیصد سے 4 فیصد اضافہ ہوا، 84 لاکھ سے 91 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوئے، سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ کی آبادی متاثر ہوئی، 25 غریب ترین اضلاع میں سے بھی 19 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا ہے فرینڈز آف پاکستان کانفرنس 10 جنوری کو منعقد کی جائے گی، سیلاب کی وجہ سے لاکھوں ورکرز بے روزگار ہو چکے ہیں، سماجی تحفظ کے پروگراموں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، گرین ہاوس گیسز میں خطے کا حصہ بہت کم ہے،  جنوبی ایشیا دنیا کا ایک پسماندہ خطہ ہے، ہمیں آپس میں جنگ کے بجائے غربت، بے روزگاری، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ کی ضرورت ہے۔