وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے میں اسلحہ کی نمائش کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صوبے میں اسلحہ کی نمائش کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسلحہ کی نمائش کرنے پر بلا تفریق کارروائی کی جائے۔
وزیراعلی پنجاب نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ایسے عناصر کا آہنی ہاتھوں سے قلع قمع کرنا ہے۔
 وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر لمحہ قیمتی ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر کام کر گزریں گے، ن لیگ کے دور میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پس پشت ڈالا گیا، عوامی خدمت کے کاموں کو جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے وہیں سے شروع کر دیا ہے، آج بھی عمران خان کو ہی اپنا وزیراعظم مانتا ہوں، عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں گے، گجرات والے ساتھ نبھانا جانتے ہیں، 2 ستمبر کو جلسہ عام میں گجرات کے لوگ عمران خان کا فقیدالمثال استقبال کریں گے۔