مریخ کی سطح پرمصنوعی آکسیجن دستیاب ہوگی

2021 میں جب ناسا کا پرسیورینس روور مریخ پر پہنچا تو وہ اپنے ساتھ ایک مشین موکسی (Mars Oxygen In-Situ Resource Utilization Experiment) بھی لے گیا تھا۔لنچ باکس جتنے حجم کی یہ مشین اب مریخ کی سطح پر اتنی آکسیجن پیدا کررہی ہے جتنی زمین میں ایک چھوٹا درخت بناتا ہے۔
گزشتہ سال فروری سے مریخ کے کاربن ڈائی آکسائیڈ والے ماحول میں یہ مشین آکسیجن تیار کررہی ہے۔
جرنل سائنس ایڈوانسز میں اس حوالے سے تحقیق کے نتائج سامنے آئے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ 7 مختلف تجربات سے ثابت ہوا کہ موکسی سے ہر گھنٹے 6 گرام آکسیجن پیدا ہوتی ہے اور وہ بھی ہر طرح کے ماحول میں۔
میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے محققین نے بتایا کہ دن، رات یا ہر طرح کے درجہ حرارت میں یہ مشین اپنا کام بخوبی کررہی ہے۔
محققین نے عندیہ دیا کہ انسانوں کو اس سیارے پر بھیجنے سے قبل اس طرح کی بڑی مشینیں مریخ پر بھیج کر آکسیجن کی مقدار کو بڑھایا جاسکتا ہے۔
انہیں توقع ہے کہ اس سسٹم سے مریخ پر اتنی آکسیجن بنانے میں مدد مل سکے گی جو انسانوں کے لیے کافی ہوگی۔
محققین کا کہنا تھا کہ پہلی بار ہے جب ہم نے زمین سے باہر کسی اور سیارے میں اس طرح آکسیجن کو بنانے میں کامیابی حاصل کی۔