بشار الاسد کی صدر پوٹن سے اہم ملاقات، یوکرین جنگ اور ترکیہ کے ساتھ مفاہمت پر تبادلہ خیال

شام کے صدر بشار الاسد نے صدر پوٹن سے اہم ملاقات میں یوکرین جنگ اور ترکیہ کے ساتھ مفاہمت پر تبادلہ خیال کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے صدر بشارالاسد حکومتی عہدیداروں اور فوجی افسران کے ہمراہ روس کے دورے پر پہنچ گئے۔ صدر ولادیمیر پوٹن نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اہم ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
شام کے صدر بشارالاسد نے یوکرین جنگ میں حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ روس کو پرانے اور نئے نازی ازم کا سامنا ہے جس پر روسی صدر نے شام کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں استحکام اور پائیدار امن کے لیے ضروری اقدامات پر اتفاق کیا اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ شام میں داعش کے خلاف جنگ میں روس نے بشار الاسد حکومت کی طیاروں اور فوجی صلاحیتوں سے بھرپور مدد کی تھی۔ شام اور روس کی مشترکہ کارروائیوں سے ترکیہ اور امریکا کو تحفظات رہے ہیں۔