جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ ہوگا تو آرمی ایکٹ حرکت میں آئے گا: مولانا فضل الرحمٰن

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جب جی ایچ کیو یا کور کمانڈر پر حملہ ہوگا تو پھر آرمی ایکٹ حرکت میں آئے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جلسے ہم نے بھی کیے لیکن کوئی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، ہم نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا وہاں ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی صورتحال ہے جسے ماضی کی کسی صورتحال پر قیاس نہیں کیا جا سکتا، ہم نے ماضی میں بھی اتفاق رائے سے فیصلے کیے ہیں،ملکی حالات پر مشاورت کی جاسکتی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انتخابی اتحاد میں ہم علاقوں کے حوالے سے ایڈجسٹمنٹ کرسکتے ہیں۔ سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے مذاکرات پہلے بھی نہیں کیے اب بھی نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، جو ملک کے لیے بہتر ہوگا وہی فیصلے ہوں گے۔